خلامیں پہلا جرم : تحقیقات ہوں گی

 ناسا نے کہا ہے کہ وہ خلا میں ہونے والے پہلے مبینہ جرم کی تحقیقات کرے گا جس میں ایک خاتون خلانورد نے خلا سے اپنے سابقہ شوہر کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی

خلامیں پہلا جرم : تحقیقات ہوں گی،رپورٹ کے مطابق  ناسا نے کہا ہے کہ وہ خلا میں ہونے والے پہلے مبینہ جرم کی تحقیقات کرے گا جس میں ایک خاتون خلانورد نے خلا سے اپنے سابقہ شوہر کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں اپنے معمول کے مشن کے دوران ایک خاتون خلانورد این مک کلین نے انٹرنیٹ سے اپنے سابقہ شوہر کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی تھی۔ اگرچہ این نے اس کا اعتراف کیا ہے لیکن وہ بضد ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام یا جرم نہیں کیا ہے۔ تاہم اب وہ زمین پر واپس لوٹ آئی ہیں۔

خاتون خلانورد کے سابقہ شوہر سمر وورڈن نے  فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں ایک شکایتی درخواست دائر کی ہے۔ دوسری جانب خاتون نے زمین پر پہنچنے کےبعد اپنے وکیل سے  جواب داخل کرایا ہے کہ وہ محض یہ جاننا چاہتی تھیں کہ خاندان کے مالی معاملات درست رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا سابقہ شوہر اور وہ طلاق ہونے کے باجود مشترکہ طور پر بیٹے کی پرورش کررہے ہیں جس کے لیے دونوں مالی تعاون کرتےہیں۔ این مک کلین کا تعلق بھی امریکی فضائیہ سے ہے اور وہ 800 گھںٹوں کی جنگی پروازیں عراق میں کرچکی ہیں اور 2013 میں وہ ناسا کی ٹیسٹ پائلٹ بنی تھیں۔

کیا خلا پر زمینی قانون کا اطلاق ہوگا؟

خلا میں کئے گئے پہلے مبینہ جرم کے متعلق یہ بات اہم ہے کہ آیا زمینی قوانین کا اطلاق خلا پر ہوسکتا ہے یا نہیں؟ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی تعمیر میں اس وقت امریکا، کینیڈا، جاپان، روس اور دیگر یورپی ممالک کے ماہرین مشترکہ کام کررہے ہیں۔ اس تناظر میں کوئی قانونی ڈھانچہ تیار کیا جاتا ہے تو وہ خلا میں لوگوں اور اسٹیشن پر بھی لاگو کیا جاسکتا ہے۔

اس کے بعد کینیڈا کا کوئی خلانورد خلا میں کوئی جرم کرتا ہے تو وہ کینیڈا کے قوانین کے تحت برتا جائے گا۔ اسی طرح امریکہ یا روس کے خلانوردوں کے جرائم کا فیصلہ بھی ان کے متعلقہ ممالک کے تحت ہی کیا جائے گا۔ لیکن آج نہیں تو کل ان قوانین پر غور کرنا ہوگا کیونکہ خلائی سیاحت اب بہت دور نہیں ۔ اس وقت عام افراد بھی خطیر رقم خرچ کرکے خلا میں جاسکیں گے۔

 

شاید آپ یہ خبریں بھی پسند کریں

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept