سناکشی سنہا پربھی چوری میں ملوث ہونے کا الزام

بالی وڈ ایکٹرس سناکشی سنہا پر بھی چوری میں ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا گیا بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سناکشی سنہا نے فلمساز اندر کمار کی نئی فلم "ٹوٹل دھمال” میں ماضی کی فلم انکار میں اداکارہ ہیلن پر فلمائے گئے گانے پر بلا اجازت رقص کرڈالا جس پر اس فلم کو گانے والی گلو کارہ اوشا منگیشکر نے ان پر گانا چرانے کا الزام لگا دیا۔

بولی وڈ میں اس وقت نئی فلموں میں پرانے گانوں کو ریمکس کرکے پیش کرکے کا ٹرینڈ چل رہا ہے، تاہم اس ٹرینڈ کو جہاں کچھ لوگ پسند کررہے ہیں وہیں کئی اس پر کھل کر تنقید بھی کررہے ہیں۔

ان میں سے ایک گلوکارہ لتا منگیشکر ہیں، جن کی بہن اوشا منگیشکر کے مقبول گانے ’منگڑا‘ کو ریمکس کرکے جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کا حصہ بنالیا گیا۔

اوشا منگیشکر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہم سے کسی نے نہیں پوچھا، کسی کو ہماری اجازت کی ضرورت نہیں، ہمارے گانوں کا استعمال ہم سے پوچھے بغیر کیا جاتا ہے، کیا یہ بات صحیح ہے؟‘

یاد رہے کہ ’ٹوٹل دھمال‘ کے گانے ’منگڑا‘ میں سوناکشی سنہا نے پرفارم کیا، جبکہ اوریجنل گانا 1978 میں ریلیز ہوا تھا۔ منگڑا 1978 کی فلم ’انکار‘ کا گانا ہے، جس میں اداکارہ ہیلن نے پرفارم کیا تھا۔ اس گانے کے ریمکس کی گلوکاری جیوتیکا تانگری، شان اور سوبرو گانگولی نے کی ہے۔

گلوکارہ اوشا منگیشکر نے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے گانے کافی محنت کے بعد تیار کیے جاتے تھے، اس طرح ان کا ریمکس کرنا صحیح نہیں ہے‘۔

1978 کے گانے کے میوزک ڈائیریکٹر راجیش روشن نے بھی ریمکس گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا، اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ اب میوزک انڈسٹری میں اب ایسا کچھ نہیں جس سے متاثر ہوا جائے، فلم سازوں میں نئے گانے بنانے کا حوصلہ ہی نہیں‘۔

دوسری جانب فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے ہدایت کار اندرا کمار کا کہنا تھا کہ انہیں اس گانے کو ریمکس کرنے کے لیے ان لوگوں کی اجازت کی ضرورت نہیں تھی۔

اندرا کمار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ہمیں ان کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، میری فلم عشق کا گانا نیند چرائی میری، 2017 کی فلم گول مال اگین میں ریمکس کرکے پیش کیا گیا، اس کے لیے کسی نے مجھ سے اجازت نہیں لی، کسی بھی گانے کے حقوق اس کے میوزک لیبل کے پاس ہوتے ہیں اور میوزک لیبل کے مالکان کو ہی حق ہے کہ وہ اس گانے سے متعلق فیصلے کرسکیں‘۔


You might also like

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept