پاکستانی اسٹارزبھی نمازیوں کی شہادت پر اشکبار

ali mahira afridi
Avatar WebDesk 2 , مارچ 15, 2019

 نیوزی لینڈ میں دومساجد پر دہشتگردانہ حملے میں 40 سے زائد نمازیوں کی شہادت نے جہاں پوری دنیا کو جھنجھوڑ کررکھ دیا وہیں پاکستانی کرکٹ وشوبز اسٹارز نے بھی حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ کی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعا کی۔

نامور گلوکارواداکار علی ظفر نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسجد میں دوران عبادت معصوم مسلمانوں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے شخص کی ویڈیو دیکھی، یہ میری زندگی کی سب سے زیادہ پریشان کرنے والی ویڈیو ہے، دیکھتے ہیں کہ دنیا اسے ’’پرتشدد کارروائی‘‘ کہتی ہے یا ’’دہشتگردانہ کارروائی‘‘۔

اداکارہ ماورا حسین نے بھی کرائسٹ چرچ  میں مساجد پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا عبادت کرنے کی جگہ پر کوئی کیسے معصوم لوگوں پر حملہ کرسکتاہے ان لوگوں کا تعلق کیسے کسی مذہب سے ہوسکتا ہے۔

اداکارفیصل قریشی نےاس دہشتگردانہ حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ جو لوگ دہشتگردی کا راستہ اپناتے ہیں ان کا تعلق کسی ملک یا مذہب سے نہیں ہوتا، یہ لوگ صرف ڈر، خوف، درد اورزخم پھیلاتے ہیں۔ ثنا میر نے شہدا اوران کی فیملی کے لیے دعا کی۔

پاکستانی کرکٹر سعید اجمل نے بھی واقعے کی پُر زور مذت کرتے ہوئے کہا خدا اس حملے میں شہید ہونے والے تمام افراد کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی توفیق دے

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورمتاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہم سب کو اس عالمی مسئلے پر قابو پانے کے لیے  متحد ہونا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے دوہرے معیار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشتگردوں کو ایک بار پھر ’’ذہنی بیمار‘‘ کانام دے دیا جائے گا؟

سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کرائسٹ چرچ کی مساجد میں معصوم نمازیوں پر فائرنگ کی ویڈیو دیکھنا بہت خوفناک تھا۔ کیا ہم عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں؟

سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی کرائسٹ چرچ واقعے کو خوفناک قراردیتے ہوئے کہا میں نے نیوزی لینڈ کو دنیا کی سب سے محفوظ اور پر امن جگہوں میں سے ایک پایا ہے جہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان سے بات ہوئی اور یہ جان کر کہ بنگلہ دیشی ٹیم اس حملے میں محفوظ رہی سکون ملا۔ شاہد آفریدی نے کہا دنیا کو متحد ہونا ہوگا، نفرت انگیزی ختم کرنی ہوگی کیونکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ ہی لالہ نے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعاکی اور کہا کہ اللہ شہیدوں کو اعلی مقام عطا فرمائے۔

khouj

Established in 2017, Khouj is a news website, which aims at providing news from all the spheres of life. In the contemporary world, Khouj News aims at providing authentic news unlike other major news sources on social media.