قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے سرگرم

علی رحمان خان نے حال ہی میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے خیرسگالی سفیر کاعہدہ سنبھال لیاہے، اس بات کا اعلان WWF پاکستان کی جانب سے کیا گیا، WWFپاکستان کے مطابق علی رحمان خان قدرتی ماحول کے فروغ اور تحفظ سے متعلق آگاہی مہم میں ان کی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور اس مشن میں ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے،ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جس کا مقصد قدرتی وسائل کے تحفظ کے ساتھ حوصلہ افزائی کرنا ہے،

اس موقع پر علی رحمان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت سے قدرتی آفات کے لیے خطرناک ہے اور ہمیں اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ کاربن ہمارے سیارے پر کس طرح سے اثر انداز ہوسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں موسمی تبدیلی اس کی سب سے بڑی اہم وجہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے باعث مسرت ہے کہ لوگوں کے درمیان کچرے میں کمی اور توانائی کے تحفظ کے لیے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔

علی رحمان خان نے حال ہی میں سماجی مہم کے فروغ کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے مقامی مہم میں شمولیت اختیار کی ہے، مردانہ وجاہت اور پرفیکٹ اداکاری نے علی رحمان خان کو پاکستان کے لوگوں کی دلوں کی دھڑکن بنادیا ہے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے عوام کو اس صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو اس مہم کا حصہ بنایا ہے، اس سے قبل وہ جہیز سے متعلق ایک معروف مہم "بینڈ ویگون”جہیز خوری بند کرو مہم کا حصہ رہ چکے ہیں۔