ببو برال کی برسی آج منائی جائے گی

پاکستانی اسٹیج ڈراموں، فلموں اورٹی وی کے ذریعے اپنے فن موسیقی سے لاکھوں چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے نامور اداکار ببو برال کو ہم سے بچھڑے 8برس بیت گئے۔

1964ء میں گوجرانوالہ کے قصبے گھکھڑ منڈی میں پیدا ہونے والے ببو برال کا اصل نام ایوب اختر تھا، جنہوں نے 18برس کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز اپنے آبائی شہر سے کیا اور بعد ازاں آگے بڑھنے کی لگن انہیں لاہور کھینچ لائی۔تین عشروں پر محیط اپنے فنی کیریئر میں ببو برال نے نہ صرف اپنی شاندار اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں گھر کیا بلکہ ڈرامے لکھ کر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔یوں تو ان کے بے شمار ڈراموں نے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں لیکن اسٹیج ڈرامہ شرطیہ مٹھے میں ان کی شاندار پرفارمنس نے اصل شہرت دلائی۔واضح رہے کہ 16 اپریل 2011ء کو فن مزاح کا یہ چمکتا دمکتا ستارہ طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملا۔

ببو برال کی بیوہ اور دیگر اہلہ خانہ نے ان کی برسی منانے کا اہتمام کیا آج رات ایک بجے تماثیل تھیٹر میں کیا ہے جس پر بہت سے افراد نے اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کے آخری پہر کون سی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ یہ تقریب ڈرامہ شروع ہونے سے پہلے بھی منعقد ہوسکتی تھی۔ جو لوگ ببو برال سے وابستگی اور پیار کا اظہار کررہے ہیں کیا وہ تھوڑی دیر پہلے وہاں نہیں آسکتے۔