راستے الگ کر لئے

معروف گلوکار اور کمپوزر شجاع حیدر نے ڈرامہ سیریل’الف‘ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد کے ناول’الف‘ سے لی گئی ہے جسے ثنا شاہنواز اور ثمینہ ہمایوں سعید پروڈیوس کررہی ہیں اور اس کے ڈائریکٹر حسیب حسن ہیں جبکہ کاسٹ میں سجل علی،احسن خان ، حمزہ علی عباسی اور کبریٰ خان سمیت نامور فنکار شامل ہیں۔کچھ عرصہ پہلے اس کی ریکارڈنگ کراچی اور بعد ازاں ترکی میں کی گئی۔

شجاع حیدر شروع سے ہی اس پراجیکٹ سے وابستہ تھے اور انہوں نے اس کا ٹائٹل اور میوزک کمپوز کیا تھا اور وہ اس حوالے بہت پرجوش تھے لیکن اب اچانک انہوں نے پراجیکٹ سے الگ ہونے کا اعلان انسٹاگرام پر کیا ہے۔

اس بارے میں گلوکار کا کہنا تھا کہ ٹائٹل سانگ پر دونوں طرف سے اختلافات تھے کیونکہ میں یہ گانا صرف اللہ کے لئے کررہا تھا جبکہ وہ لوگ اسے کمرشل بنانا چاہتے تھے جس کے علاوہ کئی اور ایشوز بھی تھے۔میں نے اس پراجیکٹ سے الگ ہونا ہی مناسب سمجھا۔ اس ٹیم کے لئے میری دعائیں ضرور ہیں۔

یاد رہے کہ شجاع حیدر’الف‘ کے ذریعے اداکاری کا آغاز بھی کرنے جارہے تھے۔