آصف مہدی شدید علالت کے باعث اسپتال میں داخل

شہنشاہ غزل مہدی حسن کے صاحبزادے اور معروف غزل گائیک آصف مہدی کو شدید علیل ہونے پر شہر کے نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا

شہنشاہ غزل مہدی حسن کے صاحبزادے اورمعروف غزل گائیک آصف مہدی کو شدید علیل ہونے پرشہر کے نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا، آصف مہدی کے اہل خانہ کے مطابق انھیں کئی برس سے گردوں کا عارضہ لاحق ہے، طبیعت خراب ہونے کی بنا پرانھیں اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے جہاں ان کے گردوں کا ڈائیلاسزکیا جارہا ہے۔

آصف مہدی کے دیرینہ دوست اورچیئرمین آرٹس فاؤنڈیشن فیصل ندیم نے گزشتہ روزگلوکارحسن جہانگیر، رؤف لالہ،غالب کمال اورشکیل صدیقی سمیت دیگر فنکاروں کے ہمراہ آصف مہدی کی عیادت کی۔ اس موقع پرفیصل ندیم کا کہنا تھا کہ مہدی حسن خان صاحب کے فن کا تسلسل آصف مہدی نے جاری رکھا ہوا ہے، وہ بطور فنکارملک کا سرمایہ ہے، عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ آصف مہدی کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کریں۔

واضح رہے کہ آصف مہدی نے اپنے والد مہدی حسن خان کی طرح میرتقی میر، احمد فراز، قتیل شفائی، حفیظ جالندھری اورمرزا غالب کے کلام پرغزلیں گائی ہیں۔ آصف مہدی دنیا بھرمیں شوز کے علاوہ سن 2009ء میں جگجیت سنگھ کے ہمراہ بھارت میں پرفارم کرچکے ہیں جبکہ سن 1999ء میں انھیں فنی خدمات پرنگار ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

شاید آپ یہ خبریں بھی پسند کریں

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept