عامر خان کا نئی فلم کرنے سے انکار

ہالی وڈ کے بعد بالی وڈ میں بھی جنسی ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع کی گئی ‘می ٹو مہم’ نے زور پکڑلیا ہے۔ گزشتہ روز  عامر خان نے بائیوپک فلم ’موگل‘ کو خیرباد کہہ دیا، جس کی اہم وجہ فلم کے ڈائریکٹر سبہاش کپور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں دونوں نے  فلم نگری میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی۔

عامر خان اور ان کی اہلیہ نے لکھا، ‘بحیثیت تخلیقی افراد، حالات کے پیش نظر ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم سماجی مسائل کا حل نکالتے رہیں گے، عامر خان پروڈکشنز میں ہمیشہ سے جنسی ہراسانی یا غیر اخلاقی رویے کی کوئی گنجائش نہیں رہی ہے، ہم جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اس طرح کے ہر برے فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں’۔

انہوں نے مزید لکھا، ‘دو ہفتے قبل جب می ٹو کہانیاں سامنے آئیں تو اس نے ہماری توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ جس کے ساتھ ہم کام کرنے جارہے ہیں ان پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے اور یہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے’۔