سانحہ کرائسٹ چرچ: متاثرہ شخص کا حملہ آورکو سزائے موت دینے کا مطالبہ

سانحہ کرائسٹ چرچ کےمتاثرہ شخص وسیم السنتی نے حملہ آور برینٹن ٹیرنٹ کے لیے موت کی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ وسیم السنتی کا کہنا ہے النور مسجد کے باہر وہ اور اُن کی پانچ سالہ بیٹی فائرنگ سے زخمی ہوئے، حملہ آور نے پہلے ان کی بیٹی کو نشانہ بنایا اور پھر اُن پر فائرنگ کی۔

وہاں موجود ایک راہگیر نےدونوں کو فوراً اسپتال پہنچایاجہاں اُن کی بیٹی کی متعدد سرجریز کی جاچکی ہیں تاہم ڈاکٹرز اب بھی اس کی صحت کےبارے میں پریقین نہیں ہیں۔

وسیم السنتی نے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہمراہ تصاویر بھی شیئرکی ہیں جس میں وہ اُن کی بیٹی کی عیادت کررہی ہیں۔ وسیم کا کہنا تھا کہ وہ ملزم کے لیے موت کی سزا چاہتے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں موت کی سزا کا قانون موجود نہیں ہے۔ اس حوالے سے اُن کا کہنا ہے کہ قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔