یو اے ای میں آتشزدگی، 6 پاکستانی جاں بحق

متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں ایک گھر میں آگ لگنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی لاشیں اسلام آباد پہنچادی گئیں۔ ابو ظہبی میں قائم پاکستانی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق العین میں جمعے کی صبح آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی لاشوں کو پی آئی اے کے طیارے میں وطن واپس بھیج دیا گیا۔ العین کے علاقے زخیر میں جمعے کی صبح ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمر فاروق، ان کے بڑے بھائی خرم، ان کے والد فاروق، رشتے دار علی حیدر، اور 2 دوست خیال افدال اور عید نواز کے نام سے ہوئی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں آج 10 بجکر 40 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچیں جس کے بعد انہیں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی مفت ایمبولینس سروس کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں میں لے جایا گیا۔