مسلم خاتون رکن پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے کی کوشش

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر امریکی مسلمان رکن پارلیمنٹ الہان عمر کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ امریکی ریاست مینیسوٹا کی ڈیمو کریٹ مسلم رکن کانگریس الہان عمر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے متنازع ٹویٹ سے ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔

اسپیکر نینسی پلوسی سمیت متعدد کانگریس اراکین نے صدرٹرمپ کی ٹویٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مسلمان رکن کانگریس کے خلاف لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی کوشش قرار دیا جب کہ پولیس نے بھی الہان عمر  پر ممکنہ حملے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔امریکی صدر نے گزشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں مسلم رکن پارلیمنٹ کی امریکن اسلامک کونسل میں 11 ستمبر کے حملوں سے متعلق تقریرکا وہ حصہ شیئر کیا جس میں الہان عمر حملے کا تذکرہ کر رہی ہیں۔ امریکی صدر نے ویڈیو کو انتہائی معنی خیز  کیپشن ’ ہم کبھی نہیں بھولیں گے‘ کے ساتھ شیئر کیا جس سے حساسیت بڑھ گئی اور انتہا پسند امریکیوں نے مسلم رکن پارلیمنٹ کو دھمکیاں دیں۔