مسجد الاقصیٰ میں آگ بھڑک اٹھی،جانی نقصان نہیں ہوا

مسجد اقصی کے ایک حصے المصلی المروانی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی شدید جدوجہد کے بعد قابو پالیا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مسجد اقصی کے ایک حصے مصلی مروانی کی چھت پر واقع محافظوں کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم عمارت کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ عمارت کے اس حصے کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا ہے۔ مصلی مروانی مسلم عبادت گاہ ہے جسے سلومنز سٹیبل بھی کہا جاتا ہے اور جو زیر زمین حرم قدسی کے نیچے جانے والی سیڑھیوں پر واقع ہے۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی اسلامی وقف کے فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا، حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عمارت کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ فلسطین اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسجد اقصی کے مصلی مروانی کا حصہ محفوظ ہے اور کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد مسجد اقصی پہنچ گئی تھی۔