کثیر المنزلہ عمارت میں بم کی اطلاع

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کثیر المنزلہ عمارت میں قائم متعدد ممالک کے سفارتخانوں کو بم کی اطلاع پر خالی کرالیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ عمارت میں قائم آسٹریلیا کے سفارتخانے کو بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

نیشنل پولیس کی ترجمان نے بتایا کہ اسپیس ٹاور نامی بلڈنگ میں بم کی اطلاع بذریعہ فون دی گئی جس کے بعد بلڈنگ کے سیکیورٹی عملے نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام سفارتخانوں کے عملے کو باہر نکل جانے کی ہدایت دی۔انہوں نے بتایا کہ ’بلڈنگ میں دیگر نجی کمپنیوں کے دفاتر بھی خالی کرالیے گئے تاہم بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عمارت میں برطانوی، کینیڈین اور نیدرلینڈز کے سفارتخانے موجود ہیں۔برطانوی سفارتخانے کی ترجمان نے بتایا کہ بم کی اطلاع ملنے کے بعد سفارتخانے کا عملہ محفوظ طریقے سے عمارت سے باہر آگیا۔

آسٹریلوی سفارتخانے نے بم کی اطلاع ملنے اور عمارت سے اپنے عملے کو نکالنے کے بعد تمام سرگرمیاں معطل کردیں۔ اس حوالے سے آسٹریلوی سفارتخانے نے ٹوئٹ کیا کہ ’اگلے نوٹس تک سفارتخانے کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی، تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں‘۔ اسپیس ٹاور اسپین کی چوتھی اور یورپ کی 24 ویں کیژالمنزلہ عمارت ہے جس کی لمبائی 770 فٹ اور یہ عمارت57 منزلہ ہے۔ اس سے قبل 19 مارچ کو برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈکوارٹرز سے متصل ایک کمپنی میں بم کی اطلاع ملنے پر عمارت کو عملے سے خالی اور اطراف کی سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند کردی گئی تھی۔

You might also like