گوہاٹی میں شاپنگ مال کے باہر دھماکہ ،12 افراد زخمی

بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں ایک شاپنگ مال کے باہر ہونے والے دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ گوہاٹی میں چڑیا گھر روڈ پر واقع ایک شاپنگ مال کے باہر گرنیڈ حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ رات کو 8 بجے کیا گیا جس میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں بھارت کی بارڈ سکیورٹی فورس ساشترا سیما بال کے 2 جوان بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو شہر کے تین مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت سخت تشویشناک ہے۔

پولیس کمشنر دیپک کمار کے مطابق دو لوگ موٹر سائیکل پر آئے اور چڑیا گھر کے عقب میں واقع شاپنگ مال پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔حملے کی ذمہ داری یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (یو ایل ایف اے) کے اس دھڑے نے قبول کی ہے جس کی سربراہی پاریش بارواہ کر رہے ہیں۔

You might also like