”RAW“نے مودی کو پھر ماموں بنا دیا‘ دنیا بھر میں جگ ہنسائی

غلط رپورٹ پر مودی نے مقبوضہ وادی میں مارشل لاء نافذ کیااور آئین 370اور 35اے کے تحت ریاست کی خصوصی حیثیت بھی ختم کر دی

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ”RAW“ نے پھر ماموں بنا دیا، انٹیلی جنس کی غلط رپورٹوں کے باعث مودی کو دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پہلی مرتبہ فروری 2019میں مودی نے آزاد کشمیر سے ملحقہ خیبر پختونخوا کے علاقے بالا کوٹ میں بمباری کی اور ایک ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا لیکن یہ دعویٰ جھوٹ نکلا۔ دوسری مرتبہ بھارتی انٹیلی جنس نے اگست کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم مودی کو یہ رپورٹ دی کہ قطر میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدہ طے پا چکا ہے اور اس معاہدے کا اعلان ہوتے ہی دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول ہو جائے گی۔ مودی کو یہ بھی کہا گیا کہ 1989میں افغانستان سے روسی فوجوں کے انخلا کے بعد کشمیر میں آزادی کی تحریک تیز ہو گئی تھی اور خطرہ ہے کہ 2019میں افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے بعد ایک دفعہ پھر کشمیر کا معاملہ دنیا کی توجہ حاصل کرے گا۔ اس انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کو کشمیر پر اپنا قبضہ مستحکم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ امریکہ اور افغان طالبان میں امن معاہدے کے متوقع اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے، لہٰذا مودی نے فوری طور پر مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں مارشل لاء نافذ کر دیا اور آئین کی دفعہ 370اور 35اے کے تحت ریاست کی خصوصی حیثیت بھی ختم کر دی۔ فروری میں بالاکوٹ حملے سے بھی دنیا میں مسئلہ کشمیر اْجاگر ہوا اور اگست میں مقبوضہ علاقے میں مارشل لاء لگانے کا نتیجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صورت میں نکلا۔پچاس سال بعد سلامتی کونسل کے اجلاس میں کشمیر پر دوبارہ بات ہوئی۔ کمرہ بند اجلاس کے بعد کوئی اعلامیہ جاری نہ ہوا جسے بھارت نے اپنی کامیابی قرار دیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس اجلاس نے ایک دفعہ پھر دنیا کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگاہ کیا اور بھارت مسئلہ کشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ اب بھارتی میڈیا میں بھی یہ اطلاعات شائع ہو رہی ہیں کہ مودی حکومت نے 5اگست کو بہت جلد بازی میں ریاست جموں و کشمیر پر جو مارشل لاء مسلط کیا۔اْس کے پیچھے انٹیلی جنس رپورٹ تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کچھ دنوں میں امریکہ اور افغان طالبان میں امن معاہدہ خطے میں بھارت کے مفادات کو بْری طرح متاثر کرے گا لہٰذا بھارت کو کچھ فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔14اگست 2019کو بھارتی اخبار ”دی ہند“ میں سوہاسنی حیدر نے لکھا ہے کہ 5اگست کو مودی کے کشمیر ایڈونچر کے پیچھے بھارتی انٹیلی جنس کی یہ رپورٹ تھی کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان متوقع معاہدہ بھارت کے لئے بہت نقصان دہ ثابت ہو گا۔کیونکہ ایسی صورت میں 28ستمبر 2019کو افغانستان میں صدارتی الیکشن ملتوی ہو جائے گا۔ بھارتی حکومت اس الیکشن میں بیک وقت اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سمیت کم از کم 17ایسے امیدواروں کی مدد کر رہی ہے جو بھارت کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔ صدارتی الیکشن ملتوی ہونے سے کابل میں افغان طالبان کا اثر و رسوخ قائم ہو جائے گا جو پاکستان کے زیادہ قریب ہیں۔جس وقت مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مارشل لاء نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تو قطر میں امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات کا آٹھواں راؤنڈ جاری تھا۔ مذاکرات کا یہ راؤنڈ 12اگست کی شام بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا کیونکہ عیدالاضحی آ گئی تھی۔ ان مذاکرات میں شریک امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے بہت کوشش کی کہ عیدالاضحی کے دن مذاکرات کو نتیجہ خیز بنا کر کوئی خوشخبری دی جائے لیکن افغان طالبان نے کچھ اہم معاملات پر اپنی قیادت سے مشورے کے بغیر آمادگی سے معذوری ظاہر کی اور یوں بھارتی انٹیلی جنس کی یہ رپورٹ غلط نکلی کہ 3اگست کو قطر میں شروع ہونے والے مذاکرات کا آٹھواں راؤنڈ نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

شاید آپ یہ خبریں بھی پسند کریں

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept