افغانستان :طالبان سے جھڑپوں میں 21 افراد ہلاک

 مغربی افغانستان میں چیک پوسٹ پر طالبان کے حملوں میں 14 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افغانستان کے صوبے بدغیس میں 2 مختلف چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملوں کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد ہلاک جب کہ 9 زخمی ہوگئے، صوبائی حکومت کے مطابق ان حملوں میں 14 پولیس اہلکار اور 7 حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروپ کے 7 اہلکار مارے گئے۔

دوسری جانب افغان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز سے طالبان کی جھڑپوں کے دوران 15 طالبان مارے گئے اور 10 زخمی ہوئے ہیں، حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

گزشتہ ماہ دبئی میں طالبان نمائندوں، امریکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور پاکستان کے وفد کے درمیان افغانستان میں جاری 17 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوئے تھے جس کے لیے حتمی ملاقات جنوری 2019 میں سعودی عرب میں ہونا ہے۔