ملک میں سردیوں کا دورانیہ طویل ہوگیا

محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 سے 5 ہفتوں کے دوران بارش اور برفباری کے مزید تین سے پانچ سلسلوں کے داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر حنیف نےبتایا کہ پچھلے کئی برسوں کے دوران سردیوں کا دورانیہ انتہائی کم رہ گیا تھا تاہم اس بار ملک بھر میں سرد موسم کا دورانیہ نہ صرف طول پکڑ گیا بلکہ اس کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس سے قبل پاکستان میں سردی کا دورانیہ تقریباً دو سے تین ہفتے تک ہی جاری رہتا تھا لیکن اس بار سرد موسم کا ساتواں ہفتہ جاری ہے اور کراچی میں دو ہفتے تک رہنے والا موسم سرما اس بار پانچویں ہفتے میں بھی جاری ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر حنیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس مرتبہ بارشیں معمول سے 25 سے 30 فیصد زیادہ جبکہ برفباری 50 فیصد زیادہ ہوئی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں بارش اور برفباری کے مزید 3 سے 5 سلسلے متوقع ہیں۔ 
ڈاکٹر حنیف کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 22 اعشاریہ 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے اور مارچ میں موسم سرما کے اختتام تک یہ بڑھ کر 50 انچ تک ہو جائے گی۔

چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا تھا کہ موسم سرما کے دوران مری میں اوسطاً 4 فٹ تک برفباری ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ مری اور گلیات میں تقریباً 6 فٹ تک برف پڑچکی ہے۔

You might also like

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept