سعودی امدادی پیکیج میرے دور میں فائنل ہوا: نواز شریف

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ سعودی امدادی پیکیج میرے دور میں فائنل ہوا تھا حکومت ہمارے منصوبے کو ری لانچ کر رہی ہے۔ 

کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ موٹرویز اور ہیلتھ کارڈ سب ہمارے منصوبے ہیں، موجودہ حکومت ہمارے منصوبے ری لانچ کررہی ہے اور اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات چیت میرے دور میں فائنل ہوئی تھی، سعودی امدادی پیکیج ولی عہد نے میرے ساتھ طے کیا تھا البتہ بین الاقوامی معاملات طے ہونے میں وقت لگتا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں ہوتے تو آج لوگ اورنج لائن ٹرین میں سفر کررہے ہوتے، لاہور ملتان موٹروے تیار چھوڑ کرآئے ان سے وہ مکمل نہیں ہوپارہی، لاہور ملتان موٹروے کا ان سے لاہور میں انٹرچینج نہیں بن پارہا، ہمارے دور میں بلوچستان میں ہائی ویز کا جال بچھ گیا تھا، ہمارے منصوبوں کا کریڈٹ ضرور لیں لیکن عوام کے لیے انہیں کھول تو دیں۔ 

نوازشریف نے مزید کہا کہ نیب نے شہباز شریف پر جومقدمات بنائے اس پر نیب کو شرمندگی اٹھانا پڑی، پنجاب میں نیب نے ترقیاتی کاموں پر کیس بنائے مگر کے پی کے والوں کے خلاف کچھ نہیں کیا، شہبازشریف نے متعدد پاور منصوبے بنائے اور کے پی کے والوں سے ایک نہیں بن سکا۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے نیب کا قانون مجھے فوکس کرکے بنایا، ابتدا میں ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ نیب کا قانون اتنا خطرناک ہوگا۔

You might also like

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept