طوفانی بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیر سے شہر قائد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی ۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات بلوچستان ، خیبرپختونخواہ، سندھ اور پنجاب سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

اسی طرح اتوار اور  پیر کی درمیانی شب سے سندھ کے مختلف علاقوں بشمول کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کے باعث ندی اور نالوں میں طغیانی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کاشت کار حضرات کو مطلع کیا ہے کہ آئندہ چار روز کے دوران ملک کے تمام ہی صوبوں میں بارش ہوگی لہذا وہ اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔