کراچی میں طوفان سے تین افراد ہلاک

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مختلف حادثات و واقعات میں 2 بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز جھکڑ چلنے سے مختلف علاقوں میں دیواریں، چھتیں، کھمبے اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے، کورنگی، لانڈھی، ملیر، لیاری، پی ای سی ایچ ایس، پیپلز چورنگی ، سرجانی ٹاون میں بھی حادثات رونما ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پیپلز چورنگی کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی چل بسی۔اسی طرح ٹیپو سلطان سگنل کے قریب اسکول کی چھت گرنے سے 5 طالبعلم زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی تین نمبر میں گھر کی دیوار کا حصہ گر گیا جس کی زد میں آکر  2 افراد زخمی ہوئے، سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 ڈی میں گھر کی چھت کا حصہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

لیاری چاکیوڑا میں مدرسے کی چھت گر گئی جب کہ تیز جھکڑ سے جامع مسجد فش ہاربر کی عارضی چھت اڑ گئی جس سے مؤذن زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔  تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے تار ٹو ٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ فون لائن اور انٹر نیٹ سروس بھی متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔