نواز شریف کی زندگی کو خطرہ، ڈاکٹر عدنان کا سنسنی خیز انکشاف

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ عارضہ قلب نوازشریف کی زندگی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے اور ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ عارضہ قلب نوازشریف کی زندگی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، ان کی اینجیو پلاسٹی ممکن نہ ہوئی تو بائی پاس سرجری کرنا پڑسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دماغ کو خون سپلائی کرنے والی شریانوں میں بندش ہے، ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، سابق وزیراعظم کو جب اسپتال داخل کرنے ضرورت پڑی انہیں کر دیا جائے گا۔

یہ بھی ضرور پڑھیں: پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا گئے

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ملک کے اندر یا باہر علاج کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ان کا علاج ہورہا ہے اور 24 گھنٹے ان کی میڈیکل نگرانی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سپریم کورٹ نے طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے ضمانت پر رہا کیا ہے۔