دہشتگردوں کیخلاف 15 گھنٹے سے آپریشن جاری

پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ 15 گھنٹوں سے مقابلہ جاری ہے جس کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے۔ 

حیات آباد کے ایک مکان میں موجود دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے اور آپریشن میں پولیس اور فوج کے کمانڈوز حصہ لے رہے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 5 ہوگئی۔کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔کور کمانڈر پشاور نے افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے، علاقہ مکینوں نے آپریشن کے لیے مکمل تعاون کیا ہے، مکینوں کی حفاظت کے لیے آپریشن میں مکمل احتیاط برتی جائے۔

شاہین مظہر محمود کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اسپیشل سروسز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق اطلاع تھی کہ حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والے موجود ہیں جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور آپریشن شروع کیا۔

اطلاعات کے مطابق مشکوک گھر میں چھ سے سات دہشت گرد موجود ہیں جن کے خلاف آپریشن جاری ہے۔