افسرکوہتھکڑی نہیں لگے گی;نیب کا حیران کن اعلان

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی بلا خوف و خطر قانون کے تحت فرائض انجام دے، آئندہ کسی گرفتار افسر کو ہتھکڑی نہیں لگائی جائے گی۔

سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کے اعلیٰ افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ  بیورو کریسی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اگر وہ فیصلے نہیں کرے گی تو ہم آگے کیسے بڑھیں گے، حکومت پالیسی بناتی ہے اور عملدرآمد بیورو کریسی کا کام ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں میگا کرپشن کیسز سامنے آئے اور ہم نے جن بیورو کریٹس کے خلاف کارروائی کی، ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور شواہد سے ثابت کروں گا جو نیب کام کر رہا ہے وہ درست ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا سب کی اولین ترجیح ہے اور نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی پر قانون کے مطابق بلا تفریق عمل پیرا ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور نیب افسران قومی فریضہ سمجھ کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔