علماء نفرتیں ختم کرکے بھائی چارے کی فضا قائم کریں:امام کعبہ

امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے کہا ہے کہ اسلام مساوات ،رواداری اور امن کا علمبردار ہے، دین میں غلو اور شدت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستانی قوم فوج اور حکومت کو دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مرکز اہل حدیث راوی روڈ لاہور میں ’’پیغام قرآن ٹی وی ‘‘ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سورہ بقرہ کی تلاوت سے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے امام حرم کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں، علماء کو نفرتیں ختم کرکے بھائی چارے کی فضا کے لیے کردار ادا کرنا،مسلکی اور فرقہ وارانہ اختلافات ختم کرکے متحد ہو نا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ  ’’قران ٹی وی‘‘ کا اجراء خوش آئند ہے،پروفیسر ساجد میر اور انکی جماعت کی تبلیغی و رفاہی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پاکستان کی سلامتی دینی قوتوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔راوی روڈ میں منعقدہ تقریب سے قبل امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے نماز عصر کی امامت فرمائی، شہر لاہور اور گرد و نواح سے ہزاروں شہریوں نے امام بیت اللہ کی اقتدا میں نماز عصر ادا کی ،اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری نے مرکز اہل حدیث کے چاروں طرف حصار قائم کیے رکھا ۔