دہشت گردوں کے مکان سے متعلق تفتیش میں مزید پیش رفت

حیات آباد میں دہشت گردوں نے جس مکان میں پناہ لی ہوئی تھی، اس سے متعلق تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والا گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور حیات آباد میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ مکان کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والے خیبر کے رہائشی جاوید کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ مذکورہ مکان سوات سے تعلق رکھنے والے عبد الناصر کی ملکیت ہے، نا معلوم افراد 3 ہفتے پہلے اس مکان میں منتقل ہوئے تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فارمیسی کا کاروبار کرنے والے کرایہ دار جاوید سے تفتیش کی جاری ہے۔

گزشتہ رات پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپا مارا، دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس سے اے ٹی ایس کمانڈو قمر عالم شہید ہو گئے۔ پولیس اہل کاروں نے بہترین حکمت عملی اپنا کر دہشت گردوں کو عمارت کے ایک ہی حصے میں محصور کر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو کلیئر کرنے کے بعد فیصلہ کن آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ مکان سے نکالی ہوئی دہشت گردوں کی لاشیں تا حال شناخت نہیں کی جا سکی ہیں، تاہم لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔