وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی شکایات پر 5 افسران معطل کر دیئے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دورہ گوجرانوالہ کے دوران فرائض سے غفلت، رشوت ستانی اور عوامی شکایات پر 5افسران کو معطل کر دیا گیا ، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے کی عوامی شکایت پر گوجرانوالہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرایجوکیشن فاروق کو عہدے سے ہٹا کر معطل کر دیا گیا اور تحصیلدار(گوجرانوالہ صدر) خواجہ ندیم اور سب رجسٹرار(رورل)انصر صغیر خان کو بھی معطل کرتے ہوئے  انکوائری کا آغاز کر دیا گیاہے۔سنٹرل جیل کے دورے کے دوران رشوت ستانی کی شکایت پر انچارچ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور وارڈرن فیصل کو معطل کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کوبھی حائل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو افسر عوام کی خدمت نہیں کرے گا وہ عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا ،مجھے صرف عوام کا مفاد عزیز ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گکھڑ منڈی میں زیرتعمیر گکھڑ سپورٹس ارینا کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے زیرتعمیر گکھڑ سپورٹس ارینا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا تقریباً 37 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ سپورٹس ارینا میں کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کے گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔ سپورٹس ارینا میں جمنیزیم، ٹینس، باسکٹ بال کورٹ، والی بال کورٹ اور دیگر کھیلوں کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے گکھڑ سپورٹس ارینا کے زیر تعمیر کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیراتی کاموں کی کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا کی تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ نئے پاکستان میں نوجوانوں کیلئے کھیل کے مواقع کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری سپورٹس نے وزیراعلیٰ کو سپورٹس ارینا کی تعمیر سے متعلق امور سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا 55 کنال اراضی پر بنایا جا رہا ہے۔ مشیر اکرم چوہدری، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے جنرل بس سٹینڈ گوجرانوالہ میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ کا دورہ کیا اور پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والے سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پناہ گاہ کا پروگرام صلہ رحمی کی ایک مثال ہے۔فٹ پاتھ اور سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پنجاب کے ہر ضلع میں پناہ گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں قیام پذیر افراد کو کھانے کے ساتھ طبی سہولتیں بھی دی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جنرل بس سٹینڈ پر ٹریولر آئی سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔جنرل پس سٹینڈ پر پناہ گاہ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے فیزیبلٹی رپورٹ کاجائزہ لیں گے ، نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا، بیوروکریسی کے تبادلے حکومت کا اختیار ہے جوپرفارم نہیں کرے گا تبدیل کر دیا جائے گا ، جہاں مسئلہ نظر آئے گا ردوبدل ہوگا ۔

You might also like