بدنامی کا باعث بننے والی تنظیموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا:شہریار آفریدی

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والی تنظیموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، آئین اور قانون پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری کے ہمراہ کوئٹہ گئے تھے، مذاکرات کے بعد ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کرنے پر اتفاق کیا، ہزارہ برادری کے ساتھ جو بھی زیادتیاں ہوئیں ان کا الزالہ کیا جائے گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری ریاست کی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی جرأت نہیں ہوگی، بلوچستان کے عوام میں حب الوطنی کا مثالی جذبہ پایا جاتا ہے۔