قتل کا مقدمہ 4 اہلکاروں کے خلاف درج

پولیس فائرنگ سے جاں بحق 2 سالہ بچے کے قتل کا مقدمہ چاروں پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی میں گزشتہ رات پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 2 سالہ بچے کے قتل کا مقدمہ واقعے میں ملوث چاروں پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق مقدمہ 324 اور 304 کی دفعات کے تحت مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صفورہ چورنگی کے قریب پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے مقابلے کے دوران 2 سالہ معصوم بچہ جاں بحق اور والد زخمی ہوگیا تھا، پولیس نے 4 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔