وارداتوں کی سنچری کرنے والے 3 کارندے گرفتار

سندھ پولیس نے تین شہروں میں وارداتوں کی سنچری کرنے والے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کو کورنگی صنعتی ایریا سے گرفتار کیا گیا۔ سندھ پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 3 شہروں میں وارداتوں کی سنچری کرنے والے گروہ کے 3 کارندے گرفتار کرلیے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے کہا کہ ملزمان اب تک 101 وارداتیں کرچکے ہیں، 15 رکنی گروہ ملتان، بہاولپور میں بھی ڈکیتیوں میں ملوث ہے، ملزمان ہر شہر میں 25 وارداتیں کرکے نئے شہر کا رخ کرلیتے تھے۔ایس ایس پی کورنگی علی رضا کے مطابق ملزمان سے تین دستی بم، تین پستول، نقدی برآمد کرلی گئی ہے، ملزمان ڈکیتیاں، اسٹریٹ کرائم اور بیرون ملک سے آنے والوں کو لوٹتے تھے۔