آئی ایم ایف کا قرضہ، حکومت کے گلے کی ہڈی: نجم سیٹھی کا سنسنی خیز انکشاف

معروف تجزیہ نگار و صحافی نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان حکومت کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط گلے میں اٹکی ہوئی ہڈی بن گئی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف کی 90 فیصد شرائط تسلیم کر چکے ہیں اور معاملہ اب صرف 10 فیصد پر آ کر اٹک گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے آئی ایم ایف کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو قرضہ فراہم کرتے ہوئے امریکہ کی سٹرٹیجک پالیسی پر عمل کرنا ہے جس کے تحت پاکستان کو کڑی اور سخت شرائط پر قرضہ فراہم کرنا شامل ہے۔ 

امریکی انتباہ کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چین سے کیے جانے والے60 ارب ڈالر کے معاہدوں کے دستاویزات فراہم کرے۔ کھوج نیوز ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان کیے گئے معاہدوں کو خفیہ رکھنا ضروری ہے۔ جس کا انکشاف وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر ہوا۔ چین سے معاہدوں کی شرائط جانے کے بعد موجودہ حکومت نے پاکستان میں چین کے تعاون سے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر کیے جانے والے عملدرآمد کو روک دیا ہے جس پر چین بھی پاکستان سے ناراضگی کا اظہار کر چکا ہے۔