شہبازشریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم حرام اور عمران خان کی اسکیم حلال: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئے دعوے وہ کررہے ہیں، جن کے پرانے دعوے نشان عبرت بن چکے ہیں، یہ گھر بناسکتے ہیں نہ بس سروس، یہ صرف بے وقوف بناسکتے ہیں۔ وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 50 لاکھ گھر سیاروں پر بنیں گے، عوام دوربین سے ان کا مشاہدہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم حرام اور آپ کی اسکیم حلال۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عوام کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹنے کا منصوبہ ہے، عوام دھوکا دہی کے اس منصوبے سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر کس کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہورہی ہے، انکا ریکارڈ ہے5سال میں میٹرو بن سکی نہ ایک سکول تعمیر ہوا اور نہ ہی ایک وارڈ بن سکا۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عوام جاگتے رہیں، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہونے جارہا ہے، بتایا جائے کہ کتنی مدت میں کتنے گھر تعمیر ہوں گے؟