امام کعبہ سعودی عرب روانہ ہوگئے

امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی پاکستان کا 6 روزہ دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہوگئے ،ائیر پورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن ،پاکستان علما کونسل کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی ،سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور صوبہ پنجاب کے اعلیٰ حکام نے امام کعبہ کو الوداع کیا ۔

 پاکستان علما کونسل کی دعوت پر 6 روزہ دورے پر پاکستان تشریف لانے والے  امام حرم کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی سعودی عرب روانہ ہو گئے ،روانگی سے قبل امام حرم کعبہ کے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اُن کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا  اور بعد ازاں سعودی سفیر نواف المالکی ،علامہ طاہر محمود اشرفی ،پیر سعید الحسن شاہ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام امام کعبہ کو ائیرپورٹ چھوڑنے گئے ،اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔امام کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی نے 6 روزہ دورہ پاکستان کے دوران چوتھی عالمی ’’پیغام اسلام کانفرنس ‘‘ میں خطاب کے علاوہ فیصل مسجد میں جمعۃ المبارک کا خطبہ دیاجس میں جڑواں شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور امام کعبہ کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی ۔امام کعبہ نے سعودی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ تقریب پاکستان بھر سے آئے ہوئے علما و مشائخ سے بھی خطاب کیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،چیئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔