قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے: عمران خان

حکومت نے خیبر پختون خوا میں ضم کیے گئے قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی . آج بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں انضمام شدہ قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان، مشیر ارباب شہزاد اور افتخار درانی شریک تھے۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو انضمام شدہ علاقہ جات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دی گئی، اور آئندہ 10 سالوں کے ترقیاتی منصوبوں اور رواں مالی سال کے فنڈز پر گفتگو کی گئی۔بتایا گیا کہ دس سالہ ترقیاتی پروگرام میں تعلیم، صحت، مواصلات، بجلی، زراعت اور انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے منصوبے شامل ہیں، انضمام شدہ علاقوں میں معاشی ترقی کا فروغ اور مواصلات کی سہولتوں پر ترجیحاً کام ہوگا۔