ڈالر کی اڑان پر مسلم لیگ ن کا انوکھا مطالبہ

ڈالر کی اڑان کنٹرول کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کے دور کے وزیر خزانہ کی خدمات حاصل کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تبدیلی سرکار کا ایک اور کارنامہ ملکی تاریخ میں ڈالر کی قیمت 148 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اطلاعات ہیں کہ ڈالر مزید اڑان بھرے گا جس سے مہنگائی کا سونامی عوام کو بہا لے جائے گا، ملکی معیشت پہلے ہی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔

ڈالر کی اونچی اڑان سے متعلق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ ہر چیز کو پر لگ گئے ہیں۔ مہنگائی ہے کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی اور ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کے دور کے وزیر خزانہ کی خدمات حاصل کرے۔

You might also like