سپریم کورٹ چیئرمین سی ڈی اے پر برہم

WebDesk3 WebDesk3 , مئی 17, 2019

سپریم کورٹ آف پاکستان میں شاپنگ مال تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی، قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے پر برہمی کا اظہاربھی کیا۔دورانِ سماعت سی ڈی اے نے تجاوزات ہٹانے سے متعلق اپنی رپورٹ جمع کرا دی۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ شاپنگ مال کے قریب سروس روڈ کو عوام کے لیے جلد کھولا جائے۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ مارگلہ روڈ پر لوگوں کے گھروں کے باہر تجاوزات ہیں، خود دیکھ کر آیا ہوں،جو کام ریاست کے کرنے کا ہے وہ ریاست کی ذمے داری ہے، قانون کے مطابق جو قدغن ہوگی وہ ہو گی۔عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے پر اظہار برہمی کرتےہوئے کہا کہ کیا آپ آنکھیں بند کر کے شہر چلا رہے ہیں؟

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ لگتا ہے کہ شہر میں جو آپ کا دل کرے گا وہ کریں گے، لگتا ہے کہ کوئی آپ کو کہتا ہے کہ کام نہ کریں، اسلام آباد دارالحکومت ہے، چھوٹا شہر ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پشاور موڑ پر اسلام آباد کا بورڈ لگایا گیا ہے تاکہ زمین کی قیمت بڑھ جائے، برما میں کیپٹل سٹی چھوٹا سا ہے، شاپنگ مال والے سرکاری روڈ پرگیٹ کیسے لگا سکتے ہیں،سارے روڈ پر بیریئر لگائے ہوئے تھے۔

جسٹس گلزار احمد کا مزید کہنا ہے کہ اسکول جانے کے لیے بچے بسوں میں لٹکے ہوئے ہوتے ہیں، سی ڈی اے جتنے بھی پلان منظور کررہا ہے 10 فٹ سے زیادہ کشادہ روڈ ہوتا ہی نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجی سوسائٹیاں تنگ تنگ گلیاں بنا دیتی ہیں جو کہ سی ڈی اے سے منظور شدہ ہوتی ہیں، کم از کم 40 فٹ کی سڑک ہونی چاہیے۔

khouj

Established in 2017, Khouj is a news website, which aims at providing news from all the spheres of life. In the contemporary world, Khouj News aims at providing authentic news unlike other major news sources on social media.