سندھ اسمبلی ،حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے ایڈز کے مسئلے پر بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر شور شرابہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ اسپیکر آغاز سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی۔ تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں ایڈز اہم مسئلہ ہے جس پر ہمیں بات کرنے دی جائے لیکن اسپیکر آغا سراج درانی نے انہیں روک دیا اور کہا کہ اسمبلی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آپ قرارداد لے آئیں۔

حلیم عادل شیخ نے اعتراض کیا کہ آپ ہروقت ہمیں روک دیتے ہیں۔ اس پر اسپیکر نے حلیم عادل کو جھڑکتے ہوئے کہا کہ آپ آرام سے بات کریں۔ ایڈز کے مسئلے پر بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن نے شدید نعرے بازی کی اور اسمبلی میں پلے کارڈز اٹھالیئے جبکہ ایوان ایڈز کا جواب دو ایڈز کا جواب دو کے نعروں سے گونج اٹھا۔

اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرا کرکے روسٹرم پر چڑھنے کی کوشش کی، لیکن حکومتی ارکان نے انہیں روک دیا جس پر حلیم عادل اور پیپلزپارٹی کے ممتاز جکھرانی کےدرمیان ہاتھاپائی ہوئی۔ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کےدیگر ارکان کی بھی ایک دوسرے سے بد کلامی اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

You might also like