ایمنسٹی اسکیم اپنے وزرا کی سہولیات کے لئے ہے: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئی ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے علیمہ باجی کو سلائی مشینوں اور جہانگیر ترین کو مالی اور باورچیوں کے ذریعے کمائی غیر قانونی جائیداد قانونی بنانے کا ایک اور شاندار موقع فراہم کردیا گیا ہے۔ نئی اسکیم کا مقصد اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ عمران صاحب ’حلال‘ ایمنسٹی اسکیم لائے ہیں تاکہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین اپنی غیر قانونی جائیدادوں کو ایک بار پھر حلال کرالیں، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے لائی گئی ایمنسٹی اسکیم میں عوامی نمائندے اور ان کے بیوی، بچے، بہن بھائی فائدہ نہیں اٹھا سکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی ’حلال اسکیم‘ میں دانستہ یہ شق نکال دی گئی اور اب عوامی نمائندوں کے بیوی، بچے، بہن بھائی بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں تاکہ علیمہ باجی ایک مرتبہ پھر فیضیاب ہوسکیں۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب کی ایمنسٹی سے اب سب سے زیادہ وہ اور ان کے دائیں بائیں بیٹھے چور فائدہ اٹھائیں گے، عمران صاحب نے پارلیمنٹ سے ایمنسٹی اسکیم کی تفصیلات چھپائیں کیونکہ اپنی غیر قانونی بے نامی جائیدادیں قانونی کروانی تھیں، عمران صاحب ایمنسٹی اسکیم علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور اپنے دوستوں اور وزراء کی سہولت کے لیے لائے ہیں۔

You might also like