بجٹ حوالہ سے اتحادی بھی ناراض‘ عمران حکومت خطرے میں

بجٹ کے حوالہ سے اتحادی بھی ناراض‘ عمران حکومت خطرے میں پڑ گئی، کھوج نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور بلوچستان عوامی پارٹی نے مشترکہ طور پر وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چودھری شجاعت حسین کی اسلام آباد رہائشگاہ پر چار اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورتی بیٹھک ہوئی جس میں مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی اور جی ڈی اے کی پارلیمانی لیڈرشپ شریک ہوئی۔چاروں جماعتوں کے تقریباً 20 رہنما، پارلیمانی لیڈر اور ارکان پارلیمنٹ اجلاس میں شریک ہوئے اور وزیراعظم عمران خان سے مشترکہ ملاقات کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق چاروں جماعتوں کی قیادت وزیراعظم سے ملاقات میں انھیں حکومتی سطح پر مسائل، اپنے صوبوں میں پائی جانے والی صورتحال اور دیگر امور پر بھی آگاہ کریں گے۔چاروں اتحادیوں کا کہنا تھا کہ آج کی بیٹھک کا مقصد حکومت کیخلاف کوئی محاذ بنانا نہیں ہے۔ چاروں جماعتوں کا پہلا مشترکہ اجلاس ہوا، آئندہ بھی مل کر حکمت عملی طے کی جائے گی۔