آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو لوٹنے والے ملزم گرفتار

کراچی: عزیز بھٹی پولیس نے آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو ہراساں اور ان سے لوٹ مار کرنے والے انتہائی منظم گروہ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر کے موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ 3 جون کو لاہور سے کراچی آنے والی لڑکی کو آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور نے لوٹا تھا اور فرار ہو گیا جس کی درخواست عزیز بھٹی پولیس نے وصول کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے اینٹی اسٹریٹ کرائم یونٹ کے ہمراہ کارروائی میں ایک ملزم اعجاز کو گرفتار کر کے موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے آن لائن ٹیکسی کے کیپٹن اعجاز کو دیگر 3 ساتھیوں ساجد ، فواد اور عمر سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ ملزم اعجاز آن لائن ٹیکسی میں سفر کرنے والے شہریوں خصوصاً خواتین کو لوٹنے میں ملوث ہے ، ملزمان کے گروہ میں آن لائن ٹیکسی فرنچائز کا مالک عمر بھی ملوث ہے۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ ان کا گروہ جعلی آن لائن ٹیکسی کی آئی ڈیز بنا کر معصوم شہری کا ڈیٹا کیپٹن کے ڈیٹا انٹری میں فیڈ کرتے تھے جبکہ ملزمان کا گروہ نیشنل ڈیٹا بیس میں بھی ردو بدل کرنے میں ملوث ہیں۔

You might also like