ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف نیب ریفرنس پر کیس کی سماعت ہوئی، اختیارات سے تجاوز سے قومی خزانے کو نقصان کے  ریفرنس پر کیس کی سماعت جج ارشد ملک نے کی، عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور دیگر نامزد ملزمان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان سابق وزیر لیاقت جتوئی، اسماعیل کورائی، سابق سیکرٹری شاہد حامد اور نسیم اختر کی عدم حاضری پر ایک دن کیلئے حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔

عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر ملزم عارف الدین کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔