بھارتی فوج کی بربریت جاری، مزید 2 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری، آج پھر 2 کشمیری نوجوان شہید، پانچ روز میں شہادتوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی۔ 

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ضلع بڈگام کے گاؤں چٹرگام کو گھیرے میں لے کر بھارتی فورسز نے 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے بعد بڑی تعداد میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔

بھارتی انتظامیہ نے احتجاج پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی اس کے باوجود کشمیریوں نے بھرپور احتجاج کیا اور بھارتی فوجیوں پر پتھراو کرتے رہے۔

واضح رہے مودی حکومت کی کشمیر میں بدترین ریاستی پالیسی کے باعث بھارتی فوج کو کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دیدیا گیا ہے، کوئی دن نہیں جاتا جب نہتے نوجوانوں کو سرچ آپریشن یا فوجی چیک پوسٹوں پر تلاشی کے بہانے گولیوں سے چھلنی کر دیا جاتا ہے۔

You might also like