تجاوزات کیخلاف آپریشن، 100 دکانیں مسمار کر دیں

کے ایم سی انسداد تجاوزات کا کراچی چڑیا گھر کے احاطہ میں قائم دکانوں کیخلاف آپریشن، 100سے زائد دکانیں مسمار ، کارروائی پر دکاندار سراپا احتجاج بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے ایم سی کے گلے پڑ گیا۔ چڑیا گھر کے احاطہ میں قائم دکانیں بھی توڑنا پڑیں۔ دہائیوں سے قائم دکانیں توڑنے کیلئے بڑی تعداد میں ہیوی مشینری استعمال کی گئی۔ سو دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ دکانیں مسمار کرنے اور کاروبار تباہ ہونے پر دکاندار سراپا احتجاج بن گئے۔ ٹائر جلا کر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ انہدامی کارروائی کے دوران شہریوں کو دور رکھنے کیلیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس کے نتیجے میں کچھ افراد ملبے کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی عدالتی احکامات پر متعلقہ ایسوسی ایشن کی باہمی رضامندی سے کی جا رہی ہے، کرایہ داروں کو کاروبار کیلئے متبادل جگہ دینے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔