رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کو شیطان قرار دے دیا

مسلم لیگ کے رہنماء رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید کو شیطان قرار دیتے ہوئے انہیں طبی معائنے کا مشورہ بھی دیدیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے شخص کی موجودگی معزز ایوان کی توہین ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا میرے ریفرنس کیوجہ سے شیخ رشید اندر سے جلا ہوا ہے، ہم شیخ رشید سے جواب لیں گے، پنڈی کا شیطان، جہلم کا ڈبو تلخیاں بڑھاتے ہیں۔ سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس دو ارب روپے کی جائیداد ہے ، اس کے ثبوت حاصل کرلیے ہیں، شیخ رشید نے لوگوں کے پیسے دینے ہیں، لوگ ان سے رابطہ کررہے ہیں کہ وہ شیخ رشید سے متعلق بیان حلفی دینے کو تیار ہیں۔

رانا ثنااللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیخ رشید کیخلاف 3 ارکان پارلیمنٹ نے نااہلی کی درخواست دی ہے، شیخ رشید کیخلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس دائر کیا، 1985 سے پہلے شیخ رشید کے والد کا گھر 4 مرلے کا تھا، شیخ رشید بتائیں ارب پتی کیسے بنے؟ آج دو ارب کی پراپرٹی کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کیس میں یہ سارے ہی جیل میں ہوں گے، کوئی بھی افسرکسی کاغذ پردستخط کے لیے تیار نہیں ہے، شیخ رشید نے شہبازشریف پر بے بنیاد الزام لگائے، شہبازشریف نے دیانت داری سے پنجاب کیعوام کی خدمت کی، شہباز شریف کیخلاف ایک روپے کرپشن ثابت نہیں ہوئی، شہباز شریف نے ملک سے اندھیروں کو ختم کیا، آشیانہ ہاؤسنگ اتھارٹی میں 3 ماہ تک کچھ نہیں نکلا۔

رانا ثنا اللہ کا مزید وزیر ریلوے کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم ہو کیا؟ ہم نے تو جمہوریت کے لیے ماریں کھائیں، تم سات دفعہ نوازشریف کے ووٹ پر منتخب ہوئے، جب وقت آیا توتم چوہے کی طرح چھپ گئے تھے، اب تم پی ٹی آئی کے ووٹوں سے منتخب ہوئے، آزاد حثیت سے تم کونسلر بھی منتخب نہیں ہوسکتے۔ رہنما (ن) لیگ رانا ثنا اللہ نے کہا شیخ رشید نے بھتیجے اور بھائیوں کے نام پر کاروبار کیا، 1995میں شیخ رشید نے اسحاق ڈار سے 5 ہزار پاؤنڈ لیے۔

You might also like