ولی عہد ابوظہبی آج پاکستان پہنچیں گے

 ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ تین ماہ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہو گی۔

وزیراعظم عمران کی دعوت پر ابوظہبی کے ولی عہد آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

محمد بن زید النیہان اس سے پہلے 2007 میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ وہاں مقیم 16 لاکھ پاکستانی سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بجھواتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر امداد کا بھی اعلان کر چکا ہے۔