پانامہ میں شامل تمام افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ پانامہ لیکس میں شامل تمام 436 افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ابھی تک احتساب کا نظام بھی اْدھورا اور یکطرفہ نظر آ رہا ہے۔ پانامہ لیکس میں شامل تمام 436 افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عدم استحکام ہے، حکومت کے علاوہ سب پریشان نظر آر ہے ہیں۔ پانچ ماہ ہی گزرے ہیں کہ قبل ازوقت انتخابات کی باتیں شروع ہو گئی ہیں جو عدم استحکام کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ملک کو لبرل ازم کی طرف دھکیلنے کی بجائے ملک کو ریاست مدینہ کی طرح بنانے کے لیے اقدامات اْٹھائے۔