نواز شریف کی متفرق درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

سابق وزیراعظم نواز شریف کی متفرق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل سماعت کے لیے مقرر کردی۔ کل سزا کیخلاف جلد سماعت کی درخواست پر کارروائی ہوگی۔ 

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ کل نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف جلد سماعت کی درخواست پر کارروائی کرے گا۔ سابق وزیراعظم کی جانب سے آج ہائیکورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔ متفرق درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2 رکنی بینچ سزا کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کرچکا ہے اور عدالت نے سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کی ہدایت کی ہے۔