نوازشریف کی جلد سماعت کی درخواست منظور

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی گئی۔

جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی متفرق درخواست کی سماعت کی جس میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ 10 دن کے اندر اپیل سماعت کے لئے مقرر کی جائے، اپیل کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست کو بھی مقرر کیا جائے۔

احتساب عدالت نے  24 دسمبر کو نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید، ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ نواز شریف نے سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے اور اس اپیل کے فیصلے تک سزا معطل کرنے کی بھی درخواست دائر کی ہے۔