جسٹس امیر ہانی کی واٹر کمیشن سربراہی سے معذرت

واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے مزید کام سے معذرت کرلی‘ واٹر کمیشن کے سربراہ نے سپریم کورٹ میں ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جمع کروا دی ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ میں سندھ واٹرکمیشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا 25 دسمبر کو واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح ہونا تھا لیکن مشینری اور پرزے نہ ملنے کے باعث پلانٹ چل نہیں سکا، سندھ حکومت نے متعلقہ مشینری فراہم نہیں کی،لہٰذا ابھی کئی کام ہونے باقی ہیں،ہم اس معاملے پر آرڈر پاس کر دیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جمع کروا دی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا جسٹس امیر ہانی مسلم نے مزید کام سے معذرت کر لی ہے۔ جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا، کیا سندھ حکومت واٹر کمیشن کے منصوبے کو مکمل کر لے گی، عدالت نے سندھ حکومت کو دو دن میں رپورٹ پرجواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔