عالمی ادارے بھارت کے عزائم کو لگام دیں : فاروق حیدر

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی مسلسل خلاف ورزیوں پر عالمی ادارے بھارت کے عزائم کو لگام دیں۔ 

مظفر آباد میں مرکزی ایوان صحافت کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے کنٹرول لائن پر شہریوں کی شہادت روز کا معمول بن چکا ہے، عالمی ادارے بھارت کے عزائم کو لگام دیں۔ پاک فوج بھارتی غرور اور جارحیت کی کمرتوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے میں پاکستانی میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنا ملکی میڈیا کاقومی فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین کی تیرہویں ترمیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے لیکن داخلی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔