سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کی وجہ سے نواز شریف جیل میں ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ ملکی سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کی وجہ سے نواز شریف جیل میں ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف اس پارٹی کا سربراہ ہے جسے حکومت میں ہونا چاہیے تھا، جن کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے اس سے ملک کو شدید نقصان ہوا ہے۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی اور معاشی قوت بنانے میں نواز شریف کا کردار ہے، نواز شریف سر جھکائے گا نہ ہی ان کے کروڑوں ساتھی سر جھکائیں گے، وہ جمہوریت کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو کل کہتا تھا میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا وہ آج ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلا رہا ہے، ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر ملک کی بے توقیری ہوئی ہے۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف محسن پاکستان ہیں جنہیں سر نہ جھکانے کی سزا مل رہی ہے اور سزائیں ان ہی لوگوں کے لیے ہوتی ہیں جو سر نہیں جھکاتے۔